اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حج کے بہتر انتظامات پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے پاکستان نعت کونسل کے زیر اہتمام حج کے کامیاب انتظامات پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج آپریشن میں حسن کارکردگی پر طلحہ محمود کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور حج کے اچھے انتظامات پر سعودی حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی حکومت پاکستان نے اچھے انتظامات کئے، حج کے موقع پر ابتدا میں کچھ مشکلات آئیں، وزیراعظم نے مجھے بتایا کہ کچھ مشکلات پیش آرہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کی وزیر اعظم سے ملاقات، دبئی مذاکرات پر تحفظات سے آگاہ کردیا
ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ حرمین شریفین کی حفاظت کرنا جانتی ہے، حیرت ہے اقوام متحدہ پر جس کی کوئی کارکردگی نہیں، سیاسی حوالے سے امریکہ ہویا کوئی اور ترقی یافتہ ممالک وہ ترقی پذیر ممالک کو غلام بنانا چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک کو غلام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان میں کچھ لوگ پھر رہے ہیں جو کہتے ہیں اسرائیل کو تسلیم کرے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے پاکستان میں تشدد اور پھر جنسی تشدد کی بات کرکے پی ٹی آئی کی زبان بولی، یاد رہے کہ پاکستان کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا تھا،یہ تہذیب کی جنگ ہے جو ہم لڑرہے ہیں۔