اسلام آباد: (فوزیہ علی) ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا اجلاس ہوا جس میں آبی ذخائر کی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔
این ای او سی اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے کی، اجلاس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم ایز اور دیگر محکموں نے شرکت کی، اجلاس میں منگلا اور تربیلا ڈیمز اتھارٹیز نے آبی ذخائر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ تربیلا ڈیم اپنی فل کپیسٹی کا تقریباً 80 فیصد تک بھر چکا ہے، منگلا ڈیم اپنی فل کپیسٹی کے تقریباً 76 فیصد تک پہنچ گیا ہے، دونوں ڈیمز کے زیرِ اثر نشیبی علاقوں میں فی الحال سیلاب کا خطرہ نہیں۔
شرکا کو بتایا گیا کہ 27 تا 30 جولائی دریائے سندھ اور کابل کے کیچمنٹ علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کی وجہ سے دریائے کابل اور ملحقہ ندیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو آبی ذخائر اور دریاؤں کی مسلسل نگرانی کرنے اور کیچمنٹ علاقوں میں بارشوں کی صورت میں نشیبی علاقوں کے مکینوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اتھارٹی کی جانب سے مون سون کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کیلئے عوامی آگاہی مہم جاری رکھنے اور پاکستان انڈس واٹر کمشن کو دریاؤں اور بھارتی ڈیمز میں پانی کے اخراج کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔