لاہور: (دنیا نیوز) محرم الحرام کے انتظامات، بارشوں کے باعث سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام انتظامی افسران کو ہفتے کے 7 دن، 24 گھنٹے ڈیوٹی کا پابند کر دیا، تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دیں، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئیں، تمام انتظامی افسران فیلڈ میں موجود، زمینی حقائق پر نظر رکھیں، تمام افسران کے موبائل فون 24 گھنٹے کھلے اور دستیاب رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ، نشیبی علاقے زیر آب
رافعہ حیدر نے کہا کہ ہنگامی حالات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، افسران جلوس روٹس کے دورے کریں، بارشی پانی جمع نہ ہونے دیں، نکاسی آب بروقت کریں، ایل ڈبلیو ایم سی فیلڈ میں صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریسکیو آپریشن شروع ہونا چاہیے، ریلیف کیمپس مکمل فعال، افسران و ملازمین کیمپس میں موجود ہوں۔
ڈی سی لاہور نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ شہری راوی کنارے ہرگز نہ جائیں، بجلی کے تاروں اور دیواروں سے دور رہیں۔