دریائے سندھ میں بھکر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب، ستلج بھی تیور بدلنے لگا

Published On 22 July,2023 06:44 pm

بھکر: (دنیا نیوز) دریائے سندھ میں بھکر کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث نچلے درجے کا سیلاب آگیا، انتظامیہ نے فلڈ وارننگ جاری کر دی، بھارتی آبی جارحیت کے باعث ستلج بھی تیور بدلنے لگا، ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح 20 فٹ بلند ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ 36 گھنٹوں میں پانی کی آمد میں 1 لاکھ 23 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا، پانی کی آمد 3 لاکھ 46 ہزار 341 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 42 ہزار 561 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، سپر بند سمیت نشیبی علاقوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دریا کنارے آباد لوگوں کو احتیاطی تدابیر کا الرٹ جاری کر دیا، خطرہ کی کوئی بات نہیں تاہم انتظامیہ الرٹ ہے۔

دوسری جانب بھارتی آبی جارحیت کے باعث ستلج کے تیور بھی بدلنے لگے، ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر ستلج میں پانی کی سطح 20 فٹ تک بلند ہو گئی، ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 62 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔

ستلج کے بپھرنے سے متعدد دیہات پانی میں ڈوب گئے، قصور انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا، ستلج اور راوی دونوں میں پانی کے باعث ضلعی انتظامیہ پھنس کر رہ گئی، دونوں مقامات پر کیمپوں، ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کرنا بھی مسئلہ بن گیا۔
 

Advertisement