توشہ خانہ فوجداری کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

Published On 26 July,2023 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

 چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت جج ہمایوں دلاور نے کی، امجد پرویز اور خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے معزز جج نے کہا کہ آپ دونوں باتیں جلدی بھول جاتے ہیں، وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ ہمارا خواجہ حارث سے کیا مقابلہ خواجہ صاحب بہت سینئر ہیں، بیرسٹر گوہر نے عدالت سے سماعت 31 جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: سائفر کی تحقیقات: ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو دوبارہ طلب کر لیا

عدالت نے وکیل علی گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی کل کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی عدم حاضری کی صورت میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جائیں گے، عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو کل ذاتی حیثیت میں بیان ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کر لیا، کیس کی مزید سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کردی گئی۔