لاہور، کراچی: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے، مسلسل بارشوں کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، کراچی میں بھی صبح سے بارش کا سلسلہ شروع ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں لال پل، مغلپورہ، ہربنس پورہ، دھرم پورہ، صدر بازار، جوڑے پل، بھٹہ چوک، رنگ روڈ، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، بند روڈ، شاہدرہ ، بیگم کوٹ میں بادل برس پڑے۔
مال روڈ، فیروزپور روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، کوٹ لکھپت، جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال اور ایئرپورٹ کے علاقے میں بھی رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
صدر، ایم اے جناح روڈ، ٹاور، اولڈ سٹی، آئی آئی چند ریگر روڈ، نارتھ ناظم آباد، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، کورنگی، ملیر اور گلستان جوہر میں بادل برسے، جس کے بعد شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
دوسری جانب ایبٹ آباد میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، پانی گھروں اور ہسپتالوں میں داخل ہوگیا، اہم شاہراہوں پر گاڑیاں پانی میں پھنس جانے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔