مون سون بارشیں: 25 جون تا 26 جولائی 157 افراد جان کی بازی ہار گئے

Published On 27 July,2023 05:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کر دی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 25 جون سے 26 جولائی تک 157 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 65 مرد، 28 خواتین اور 64 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 67 اموات رپورٹ ہوئیں، خیبرپختونخوا سے 41، بلوچستان سے 7 اموات رپورٹ ہوئیں، سندھ سے 20 اور آزاد کشمیر سے 6 گلگت بلتستان سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ 3 روز کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد ہلاک ہوئے، رپورٹ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 249 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 106 مرد، 71 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں، مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں 157 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کل 643 گھروں کو نقصان پہنچا، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 330 مویشی بہہ گئے، گزشتہ روز مون سون بارشوں کے باعث 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، بارشوں سے 16 افراد زخمی ہوئے، 175 گھروں کو نقصان پہنچا۔

Advertisement