لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے میو ہسپتال میں سفاک باپ کے ظلم و بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی وہاڑی کی رہائشی بچی ایمن اور اس کی زخمی والدہ کی عیادت کر کے خیریت دریافت کی۔
وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے بچی ایمن اور اس کی والدہ کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا، زخمی خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے اور بچوں پر ہونے والے بہیمانہ تشدد اور ظلم کے بارے میں بتایا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ میرے اور میرے بچوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ناقابل بیان ہے، مجھے صرف انصاف چاہیے، جس پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آپ اور آپ کے خاندان کے ساتھ ہے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، بچی پر بدترین تشدد کیا گیا، ملزم سخت سزا سے نہیں بچ پائے گا، انصاف نہ صرف ہو گا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ حکومت آپ کے بچوں کیلئے بہترین تعلیمی سہولتیں فراہم کرے گی، آپ کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے، بچی کی بینائی واپس لانے کیلئے پنجاب حکومت ہرممکن تعاون کرے گی، بینائی واپس لانے کیلئے بچی کا بہترین ڈاکٹرز سے علاج کرایا جائے گا، صوبائی وزیر صحت کو بچی کی آنکھوں کے علاج کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہاڑی کے اس خاندان کے ساتھ بہت ظلم ہوا، میرا دل بہت دکھی ہے، بچی ایمن اور ان کی والدہ کو انصاف فراہم کریں گے، بچی کی بینائی متاثر ہوئی ہے، پوری کوشش ہے کہ بینائی واپس آئے، شقی القلب باپ کو اس قبیح فعل پر قانون کے مطابق کڑی سزا ملے گی۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کے حوالے سے تھریٹس موجود ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا پورا کام کر رہے ہیں، میڈیا اور دوسرے لوگوں سے ڈرون استعمال نہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں، محرم الحرام کے دوران ڈرون کے استعمال سے دہشت گردی کا خطرہ ہے، بارشوں کی وجہ سے متعلقہ محکموں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، کوتاہی نہ کی جائے۔