لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما و چیئر پرسن ویمن کاکس قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ کم سن رضوانہ پر تشدد کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھاؤں گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے گھریلو تشدد کا شکار کمسن ملازمہ کی جنرل ہسپتال میں عیادت کی، چیئر پرسن ویمن کاکس قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، جنرل سیکرٹری ویمن ونگ لاہور سونیا خان اور ڈاکٹر رضوان بھائیو، رضوانہ کے پاس پہنچ گئے۔
شاہدہ رحمانی نے کہا کہ معاملے کو پارلیمنٹری ویمن کاکس کے نوٹس میں لاؤں گی، متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر رضوان بھائیو نے کہا کہ حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پیپلز پارٹی متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔