اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ایئرپورٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے، دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو دبئی میں بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔