اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے تین ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
عدالت عظمیٰ نے پنجاب کے سپیشل پراسیکیوٹر کو دو ماہ میں ملزمان کا ٹرائل مکمل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ انسانی جانوں کیساتھ کھیلنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں۔
محمد اقبال، محمد عارف اور محمد ابرار پر کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے پر قصور کے تھانہ کھڈیاں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسر کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے، فوڈ اتھارٹی نے ملزمان سے 1300 لیٹر کیمیکل ملا دودھ برآمد کر کے تلف کیا تھا۔
ملزمان محمد اقبال، محمد عارف اور محمد ابرار کی ضمانت کی درخواستیں ٹرائل اور ہائی کورٹ نے بھی مسترد کر دی تھیں، جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔