لاہور چڑیا گھر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کا اعلان

Published On 02 August,2023 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کا اعلان کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر نگرانی لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کا فیصلہ کیا گیا، دونوں تفریح گاہوں پر سنگاپور کے چڑیا گھروں کی طرز پر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

چڑیا گھر اور سفاری پارک کے لیے جانوروں کی نئی نسلیں لائی جائیں گی،زیادہ تر پنجروں میں روایتی دیواروں کو شیشے کے ڈھانچے کے ساتھ تبدیل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی، اس سے شہریوں کو جانوروں کے قریب جا کر تجربہ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چڑیا گھروں کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کا ٹاسک دے دیا، چڑیا گھروں کی آمدن کا صحیح تعین کرنے کے لئے آن لائن ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، چڑیا گھروں میں واکنگ پارک و پلے ایریا بنانے اور سفاری ٹرین چلانے کی تجویز بھی دی گئی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تبدیلیوں کا مقصد ایک ایسی سہولت قائم کرنا ہے جس سے تفریح کے ساتھ بچوں کو تعلیم بھی ملے۔