نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم اتھارٹی ایکٹ 2023 منظور

Published On 03 August,2023 06:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی پشت پناہی کو روکنے کے لئے بل قومی اسمبلی سے منظور ہو گیا۔

نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم اتھارٹی ایکٹ 2023 منظور کر لیا گیا، اتھارٹی کا چیئرمین وزیر اعظم تعینات کریں گے، ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہوگا، اتھارٹی میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری خارجہ شامل ہوں گے، اتھارٹی میں گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے شامل ہیں۔

اتھارٹی میں ڈی جی انسداد منشیات، چیئرمین ایف بی آر، ڈی جی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی کے قومی کو آرڈی نیٹر اور ڈی جی اتھارٹی بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 ترامیم کے ساتھ منظور

بل کے مطابق اتھارٹی اینٹی منی لانڈرنگ، انسداد مالی معاونت برائے دہشت گردی اور ٹارگٹڈ مالی پابندیوں کے قوانین کے تحت شکایات کے ازالے کی مجاز ہو گی، اتھارٹی انسداد مالی معاونت برائے دہشت گردی، منی لانڈرنگ کے خلاف بین الاقوامی و قومی اداروں کے ساتھ تعاون کی مجاز ہو گی۔

اتھارٹی دہشت گردی کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ روکنے کے لئے قومی سٹریٹیجی بنانے اور عملدرآمد کی مجاز ہو گی، اینٹی منی لانڈرنگ ، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور مالی پابندیوں پر جدید ترین قوانین حکومت کو سفارش کرنے کی مجاز ہو گی۔

بل کے مطابق اتھارٹی کے چیئرمین کی مدت ملازمت تین سال ہو گی، تین سال کے لئے دوبارہ تعینات کیا جا سکے گا، چیئرمین اتھارٹی مستعفی ہونے کی صورت میں اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو جمع کرائیں گے۔