اسلام آباد:مری ایکسپریس وے پر مسافر بس الٹ گئی، 28 افراد زخمی

Published On 04 August,2023 11:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مری ایکسپریس وے پر بستال موڑ کے قریب بس الٹ گئی، جس سے 28 مسافر شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق مری سے لاہور جانے والی بس میں 70 سے زائد مسافر سوار تھے، جس کے الٹنے سے 28 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں سے 25 شدید زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مسافر بس ایکسپریس وے پر بستال موڑ کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی 5 ایمبولینس گاڑیاں اور ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز اور دیگر طبی عملہ پہنچا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 28 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 3 معمولی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا جبکہ 25 شدید زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔