لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ ریلوے نے نواب شاہ کے قریب سرہاری کے مقام پر ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ تیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر کو موصول ہوگئی ہے جس میں شعبہ سول اور شعبہ مکینیکل کی نا اہلی کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا ہے، حادثے کی وجہ پٹری کا ٹوٹنا اور فش پلیٹ کا نہ ہونا بھی قرار پائی ہے، ٹرین انجن وہیل اور ٹریک میں خرابی بھی حادثے کی وجوہات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوابشاہ: ہزارہ ایکسپریس حادثہ، 18 گھنٹے بعد ڈاؤن ٹریک بحال
جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، حادثے کا شکار ٹرین انجن کے وہیل ڈیمج پائے گئے ہیں، ٹریک کو آپس میں جوڑنے کے لئے فش پلیٹ موجود نہیں تھی، ٹوٹی پٹری کی جگہ لکڑی کا ٹکڑا لگایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ہزارہ ایکسپریس حادثہ وسائل کم ہونے کا شاخسانہ ہے: خواجہ سعد رفیق
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں شعبہ جات نے حادثے کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے، دونوں شعبوں نے حادثے کی وجہ ایک دوسرے پر ڈال دی۔