پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام نے آئندہ قومی و صوبائی انتخابات میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام صوبائی جماعتوں کو ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے رابطے کرنے کی اجازت دے دی۔
جمعیت علماء اسلام کی دو روزہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، مرکزی مجلس شوریٰ نے سانحہ باجوڑ پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا، شہداء کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، سانحہ باجوڑ میں انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق امن و امان کی اس دگرگوں صورتحال میں انتخابات کا انعقاد سوالیہ نشان ہے، جمعیت علماء اسلام آئندہ قومی و صوبائی انتخابات میں بھر پور شرکت کرے گی، مجلس شوریٰ نے قومی انتخابات کے لئے تمام صوبائی جماعتوں کو دیگر ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کے لئے رابطے کرنے کی اجازت دے دی۔
اسلم غوری نے بتایا کہ مرکزی مجلس شوریٰ نے دستوری کمیٹی کی جانب سے دستور میں کی گئی ترامیم کی منظوری دے دی، مرکزی مجلس شوریٰ نے عوام سے بہتر اور فوری رابطوں کے لئے مختلف شعبہ جات کی منظوری دے دی جس میں وکلاء فورم، مزدور فورم، بزنس فورم، خواتین فورم، جمعیت نوجوانان فورم، کسان فورم، بین الاقوامی تعلقات اور اقلیت فورم شامل ہیں۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ میڈیا کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور کارکردگی کو وسیع اور بہتر بنانے کے لئے شعبہ اطلاعات میں خصوصی ترامیم کر دی گئی ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پیغام پہنچانے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا سیل کے قیام کی منظوری دی گئی۔