توقع کرتا ہوں الیکشن کے بعد ہم واپس آئیں اور مہنگائی کم کریں: خواجہ آصف

Published On 09 August,2023 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ فخر ہے کہ 33 سال سے ایوان میں ہوں، جب اسمبلی آیا تو بال کالے تھے اب سفید ہو گئے ہیں، 15 ماہ بڑا اتار چڑھاؤ رہا، کہا جاتا رہا اسمبلی آج جا رہی ہے کل جا رہی ہے، توقع کرتا ہوں الیکشن کے بعد ہم سب دوبارہ واپس آئیں اور مہنگائی کم کریں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پچھلے 23 سال میں اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کی، اسمبلی میں بہت سی چیزیں ایسی ہوئیں جس پر ہمیں شرمندگی بھی ہے، پہلے مارشل لاء پارلیمنٹ پر شب خون مارتے تھے، پارلیمنٹ کے تقدس کا تحفظ ہم نے قائم رکھنا ہے، گرین نمبر کی پلیٹیں، جھنڈوں کے بجائے عوام کے ساتھ رشتے کو مضبوط کرنا ہو گا، کسی پر تنقید نہیں کر رہا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہمارے بخیے ادھیڑے جاتے ہیں، نو مئی نے ہماری تاریخ کو داغدار کیا، شہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا، فریال تالپور سمیت خواتین کے جیل میں جانے کی لمبی داستان ہے، کل ایک شخص کہہ رہا تھا مجھے جیل سے نکالو، ابھی اس شخص کو جیل میں دو دن ہوئے ہیں، توشہ خانہ کے تحائف کو بیچا گیا، اس کے ہزاروں، لاکھوں چاہنے والے اسے جرم نہیں سمجھتے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہدا کو یاد نہ کرنے والی قومیں مٹ جاتی ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے، آنے والے الیکشن میں بڑا چیلنج اکانومی کا ہے، مہنگائی نے عام شہری کو بہت متاثر کیا، عدلیہ کو سیاسی رول کے بجائے کیسز پر توجہ دینی چاہیے، دو ہزار 670 ارب کے ایف بی آر کے کیسز پینڈنگ ہیں، اگر ان میں سے 50 فیصد بھی ریکور ہو جائیں تو 6 سے 7 ارب ڈالر آجائیں گے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 4 ہزار ارب سے زائد بجلی و گیس کا سرکلرڈیٹ ہے، بڑی بڑی مارکیٹوں کے اندر 80 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے، کرپشن ہمارے ملکی ڈھانچے کو کھا رہی ہے، پاور فل طبقے کی کرپشن ملک میں غربت، مہنگائی بڑھا رہی ہے، کرپشن ختم کر دیں تو ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہے، ہو سکتا ہے کوئی جج صاحب سن لے اور انہیں کوئی تھوڑا خیال آجائے۔