نامزد نگران وزیراعظم کا پارٹی اور سینیٹ رکنیت سے مستعفی ہونےکا فیصلہ

Published On 13 August,2023 07:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پارٹی رکنیت اور سینیٹ سے مستعفی ہونےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نامزد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وہ سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اب چونکہ ان کی ذمہ داری ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کے لیے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اس لیے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہےکہ انوار الحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران وزیراعظم کا حلف کل اٹھائیں گے، حلف برداری کے بعد نگران کابینہ کا فیصلہ کیا جائےگا۔

دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل ( بی این پی، ایم) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے نگران وزیراعظم کے تقرر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو خط لکھ دیا۔