حکومت اور اپوزیشن کا جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ بنانے پر اتفاق

Published On 15 August,2023 12:43 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار میں اتفاق ہونے کے بعد جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان مشاورت کے بعد جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام نگران وزیر اعلیٰ کیلئے فائنل کیا گیا، مقبول باقر سندھ کے 8 ویں نگران وزیر اعلیٰ ہوں گے، گزشتہ 3 روز سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے بات چیت چل رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

 دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ مجھے ذمہ داری کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، میری پہلی ترجیح کابینہ کی تشکیل ہو گی، انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔

دوسری جانب سرکاری اعلامیے میں بھی کہا گیا ہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر سندھ کے نگران وزیر اعلیٰ ہوں گے، آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت حکومت و اپوزیشن کی مشاورت مکمل ہونے پر مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ بنانے کی سمری گورنر سندھ  کو ارسال کر دی گئی۔