آج رات تک نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق ہو جائے گا: مراد علی شاہ

Published On 14 August,2023 11:22 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کیلئے اچھے ناموں میں سے ایک کو منتخب کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔

مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری کل اور پرسوں نگران وزیرِ اعلیٰ کیلئے بات ہوئی ہے، ہم نے اچھے اچھے ناموں پر غور کیا ہے، اچھے ناموں میں سے ایک کو منتخب کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک آدھ دن میں نگران وزیرِ اعلیٰ آجائیں گے، نگران وزیرِ اعلیٰ کیلئے دونوں طرف سے 12، 13 نام ہیں، دونوں طرف سے پیش کئے گئے تمام نام قابل احترام اور اچھے ہیں، آج رات بارہ بجے تک نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم آج حلف لیں گے، انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، آئین کی پاسداری کرتے ہوئے جلد الیکشن ہونے چاہیے، اب وفاق اور صوبے میں نگران حکومت آ جائے گی، پھر ہم لوگوں کے پاس جائیں گے کہ ہمیں منتخب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور امن کا گہوارہ بنائے، آج کے دن ہمیں شہداء کو یاد رکھنا چاہیے، کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو آج کے دن یاد رکھنا چاہیے، گجرات کے قصائی نے کشمیر میں ظلم پھیلایا ہوا ہے، اللہ کشمیریوں کو مودی کے عذاب سے نجات دے۔

مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے، ایک صحافی کو قتل کیا گیا، پولیس کو ہدایت کی ہے کہ انصاف ہونا چاہیے اور قاتل کو جلد گرفتار کیا جائے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔