کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا ہے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ مجھے ذمہ داری کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، میری پہلی ترجیح کابینہ کی تشکیل ہو گی، انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن کا جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ بنانے پر اتفاق
نگران وزیر اعلیٰ کیلئے جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان مشاورت کے بعد فائنل کیا گیا، گزشتہ 3 روز سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے بات چیت چل رہی تھی، مقبول باقر سندھ کے 8 ویں نگران وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کی زندگی پر نظر
کراچی سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) مقبول باقر5 اپریل 1957 کو پیدا ہوئے، انہوں نے جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں وکالت کے شعبے سے منسلک ہو گئے، وہ 26 اگست 2003 میں سندھ ہائی کورٹ کے مستقل جج بنے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر 20 ستمبر 2013 میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے اس کے بعد 17 فروری 2015 کو وہ سپریم کورٹ پاکستان کے جج بن گئے، 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر پر 2013 میں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے، حملے میں ان کے سکیورٹی عملے سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔