اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری اور ان کے وکیل فیصل چودھری پیش ہوئے۔
دوران سماعت فواد چودھری نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ نے آرڈر میں کہا کہ معافی نامے میں میری لینگوئج درست نہیں تھی، میں اپنی لینگوئج درست کر کے معافی نامہ دوبارہ جمع کرا رہا ہوں۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نیا معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے سماعت 24 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت پر آرڈر کرتے ہیں۔
فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر دوبارہ غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا دیا ہے، دیکھیں الیکشن کمیشن کیا فیصلہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات تو ابھی ہوتے نظر نہیں آرہے، حلقہ بندیوں کی باتیں چل رہی ہیں، اگر حلقہ بندیاں ہوتی ہیں تو اس کا مطلب ہے انتخابات وقت پر نہیں ہو رہے، پی پی پی اور ن لیگ نے جو آئین کا حال کیا ہے سب کے سامنے ہے۔