گزشتہ حکومت کے 4 بڑے مالیاتی سکینڈلز کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے متحرک

Published On 17 August,2023 01:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) گزشتہ حکومت کے چار میگا کرپشن سکینڈلز کی تحقیقات کیلئے متحرک ہو گیا ہے۔

ایف آئی اے نے بڑے مالیاتی سکینڈلز کی تحقیقات کا آغاز کر دیا، انٹر بینک ڈالر ریٹ سے زائد پر ایل سیز کھولنے والے بینکوں کیخلاف تحقیقات کی جائے گی، 8 بینکوں نے65 بلین روپے سے زائد رقم صرف زیادہ ڈالر ریٹ وصول کر کے کمائے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ موٹروے ایم سکس کیلئے زمین کی خریداری میں بھی 32 ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات کرے گا، اس کے علاوہ مفت آٹا سکیم میں18 لاکھ بیگز کی مبینہ خرد برد پر بھی انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے گزشتہ سال سیلاب زدگان کو دی جانے والی امداد میں بھی کرپشن کی انکوائری کرے گی، وفاقی ادارے کو سانگھڑ اور دادو سے سیلاب زدگان کو امدادی سامان کی فراہمی میں کرپشن کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔