ہاکی فیڈریشن میں مالی بے ضابطگیاں ، سپورٹس بورڈ نے ایف آئی اے کوتحقیقات کیلئے خط لکھ دیا

Published On 11 August,2023 12:16 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف میں مالی بے ضابطگیوں کے خلاف ایف آئی اے کو تحقیقات کے لئے خط لکھ دیا۔

وفاقی حکومت جاتے جاتے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف انکوائری کھول گئی ، ہاکی فیڈریشن میں مالی بے ضابطگیوں کیخلاف تحقیقات کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط لکھ دیا ۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران کے خلاف احتساب کا عمل شروع کردیا ، خط کے مطابق 19 جولائی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر کمیٹی کی وزیراعظم سے میٹنگ ہوئی، کمیٹی کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر چند تجاویز کی منظوری دےدی گئی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس بی کے تحت ہاکی کلبس اور انتخابی عمل کی سکروٹنی جلد از جلد کی جائے ، پاکستان سپورٹس بورڈ کی درخواست پر ایف آئی اے کو ہاکی فیڈریشن کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا گیا۔

خط کے مطابق ایف ائی اے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لے ، انکوائری کے حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ تمام قانونی تقاضے پورے کرے، پاکستان سپورٹس بورڈ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صاف و شفاف انتخابات کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

خط میں وفاقی حکومت کا انکوائری اور انتخابات کو اولین ترجیحات پر جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔