لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے بلیک میلنگ میں ملوث آن لائن لون ایپس کے مزید 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد سلیمان ، عبدالرحمان اور محمد اویس شامل ہیں، ملزمان کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان شہریوں کو مختلف فون نمبرز سے دھمکی آمیز کالز کر کے ہراساں کرتے تھے، ملزمان کیش گین، واوو لون، کیو لون، کوئیک منی، ان منی، ایزی منی، زوماٹو لون وغیرہ جیسی ایپس کے ذریعے شہریوں کو قرض فراہم کر رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ مبینہ کمپنی ایس سلوشن بطور ریکوری یونٹ کام کر رہی تھی، مبینہ کمپنی ایجنٹوں کو قرض دہندگان کی تفصیلات دیتی تھی، یہ ایجنٹس قرض دہندگان سے قرض کی وصولی کے لئے بلیک میلنگ کے مختلف حربے استعمال کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان بعد ازاں شہریوں کو ایڈٹ شدہ قابل اعتراض تصاویر اور وائس کال کے ذریعے ہراساں کرتے تھے، یہ تصاویر قرض دہندگان کے کانٹیکٹ لسٹ میں موجود خاندان اور دوستوں کو بھی شیئر کی جاتی تھیں، ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔