توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 19 August,2023 12:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل 22 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کازلسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کر کے رہائی کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر رکھے ہیں اور ٹرائل کورٹ سے کیس کا تمام ریکارڈ بھی طلب کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اسی دن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس وقت وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔