اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراج عقیدت کے عالمی دن کے حوالے سے کہا پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے متاثرین کے دکھ اور تکلیف کو بخوبی سمجھتا ہے، پاکستان پچھلے 20 سال سے سرحد پار سے منصوبہ بندی اور سپانسر دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس عرصے کے دوران پاکستان کو 80 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کی معیشت کو 150 بلین ڈالرز سے زیادہ کا نقصان ہوا، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا قومی عزم اور عوام کی بے مثال قربانیوں کی بدولت پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف فتوحات حاصل کیں، اس دن کے موقع پر ہمیں ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
ترجمان کے مطابق اس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر بھی شامل ہے، 1990ء کی دہائی سے بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا، 22 ہزار سے زائد خواتین بیوہ، 1 لاکھ 8 ہزار بچے یتیم اور 11 ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا عالمی برادری کو بھی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے، عالمی برادری دہشت گردی کے انسداد کے لئے جامع انداز اپنائے اور بنیادی وجوہات کو حل کرے۔
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی شراکت داری اور بات چیت مضبوط بنا کر دہشت گردی کی لعنت سے پاک دنیا کا تصور کر سکتے ہیں۔