بٹگرام حادثہ: چیئرلفٹ چلانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا این او سی لازمی قرار

Published On 23 August,2023 10:25 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے بٹگرام حادثے کے بعد چئیر لفٹ چلانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا این او سی لازمی قرار دے دیا۔

خیبر پختونخوا حکومت نے بٹگرام چئیر لفٹ حادثہ کے بعد صوبہ بھر کی چئیر لفٹس کے معائنہ کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں کہ تمام کمرشل ،ڈومیسٹک اور تفریحی مقامات کی چئیر لفٹس کی فوری چیکنگ کی جائے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے اوپر چلنے والی سفری چئیر لفٹس کی چیکنگ کی جائے، تمام لفٹس کے ڈیزائن، گنجائش اور ان میں حفاظتی اقدامات کا بھی معائنہ کیا جائے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق چئیر لفٹس چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینا لازمی ہو گا۔

صوبائی حکومت نے تمام اضلاع کے ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ چئیر لفٹس کے حوالے سے رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر جمع کروادی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بٹگرام میں آلائی  پاشتو کے علاقے میں کیبلز ٹوٹنے سے پھنسنے والی چئیر لفٹ سے لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے، دریا کے اوپر بلندی پر پھنسی ہوئی چئیر لفٹ میں طلباء سوار تھے جنہیں گھنٹوں کی مشقت کے بعد بچا لیا گیا۔