احتجاج سے حکمران پر اتنا دباؤ ڈالیں گے وہ بل کم کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

Published On 27 August,2023 07:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا بجلی کے نرخوں میں اضافے اوراووربلنگ سے لوگ پریشان ہیں، احتجاج سے حکمرانوں پر اتنا دباؤ ڈالیں گے وہ بل کم کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔۔

کراچی میں حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس مہنگائی اور ظلم کے خلاف لوگ سڑکوں پرآ رہے ہیں، حکمرانوں کے بیرون ملک اثاثے ہیں، غریب عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، وہ وقت آرہا ہے لوگ سڑکوں پر ایسا احتجاج کریں گے یہ حکمران بھاگ نہیں سکیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا میں حکمرانوں سے کہتا ہوں بجلی کے بل کم اور اپنی عیاشیاں ختم کریں، انوارالحق کاکڑصاحب یہ کیارویہ ہے کہ عوام پر ہر پندرہ دن بعد پٹرول بم گرا دیا جائے، حکمران طبقے میں وہی لوگ ہیں جو چھیترسال سے برسراقتدارہیں، حکمرانوں کونظر آنا چاہئے کہ اب مزید ظلم نہیں چلے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ایسا وقت نہ آجائے کہ طاقتور لوگ ایئر پورٹ پرہوں اورعوام ان کا گھیراؤ کرلیں، ایسا انقلاب نہیں چاہتے جس میں ظلم و زیادتی ہو، پانچ سوارب روپے کی چوری اورمفت بجلی سے خاص لوگ استفادہ کررہے ہیں، آئی ایم ایف سیاسی بالادستی کا ادارہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا جعلی اینکربتا رہے تھے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے سب بہترہو جائے گا، حکمران کہتے ہیں ٹیکس مجبوری ہے پھرجاگیرداروں اور زراعت پر ٹیکس کیوں نہیں لگتا، چھوٹے کسان پرنہیں بڑے زمینداروں پرٹیکس عائد ہونا چاہئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ڈیڑھ فیصد طبقہ 28 فیصد زرعی زمین پر قابض ہے، کچھ زمینداروں نے انگریزوں کی غلامی کی، زراعت کے پورے سال کا ٹیکس 4 ارب ہے، سیلری طبقے سے ہزاروں ارب ٹیکس کاٹا جاتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ظالمانہ ٹیکس قبول نہیں کرتے، بیوروکریٹس، ججزاور طاقتور لوگوں پر ٹیکس لگائیں، انہوں نے کہا ہم گورنرہاؤس پردھرنا دیں گے، انہیں معلوم ہو کہ عوام کے کیا حالات ہیں، 6 ستمبرکو پہیہ جام ہڑتال کریں گے، اتنا دباؤ بڑھائیں گے کہ بلوں کی قیمتیں کم کرنے پرمجبورہوجائیں گے۔