کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا حکمران اب یہ بات سمجھ لیں ان کو ہر صورت بجلی کی قیمتیں کم کرنا ہوں گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے صدر میں تاجروں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے ہر طبقہ پریشان ہے، غریب پریشان ہے وہ بجلی کے بل کیسے ادا کرے، کے الیکٹرک والے عوام اور جماعت اسلامی کو خاموش نہیں کرا سکتے، کسی کو کوئی حق نہیں ہے کہ بجلی کاٹے، جو بجلی کاٹنے کیلئے آئے گا وہ حالات کا خود ذمہ دار ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کراچی کے 3 کروڑ لوگوں پر کے الیکٹرک کو درندگی کے لئے چھوڑ دیا گیا، کے الیکٹرک کا سی ای او کراچی والوں کو دھمکیاں دے رہا ہے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے، کراچی کے کئی مقامات پر اس وقت احتجاج کیا جارہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا پی ڈی ایم حکومت نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دی، اب یہ اقتدار والی جماعتیں احتجاج کی باتیں کر رہی ہیں، یہ حکمران جاگیرداروں پر ٹیکس کیوں عائد نہیں کرتے۔