اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی بنک نے انکشاف کیا ہے کہ سکولز سے باہر بچوں کی تعداد میں پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔
عالمی بنک کی جانب سے سکولز سے باہر بچوں کے حوالے سے سروے کیا گیا ہے جس کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 24 کروڑ 40 لاکھ تک بچے سکول سے باہر ہیں جبکہ پاکستان میں 6 سے 16 برس تک کے 2 کروڑ بچے سکول نہیں جاتے۔
سروے کے مطابق صوبہ پنجاب میں تاحال 70 لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں، عالمی بنک کے تعاون سے پنجاب میں سکول جانے والے بچوں کی تعداد دو گنی ہو گئی، 2020ء تک پنجاب میں سکول جانے والے بچوں کی تعداد 2 کروڑ 60 لاکھ ہے۔
2003ء سے عالمی بنک پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر تعلیمی نظام پر خرچ کر چکا، سکولز سے باہر بچوں کی انرولمنٹ کیلئے تعلیمی نظام میں اصلاحات ضروری ہیں۔