اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی۔
سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی بھی ملاقات میں موجود تھے، اس موقع پر آئندہ حج انتظامات ، باہمی تعلقات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عقیدت ، باہمی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، میرا مشن ہے کہ پاکستانی حجاج کرام کو اضافی سہولیات لے کر دوں، سعودی سفیر انتہائی محترم بھائی ہیں، ہر ممکن حمایت اور تعاون جاری رکھیں گے۔
انیق احمد نے کہا کہ وزارت کل اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے، 12 ربیع الاوّل کو قومی سیرت کانفرنس مذہبی عقیدت کے ساتھ منعقد کی جائے گی، کانفرنس کا عنوان "سیرت طیبہ کی روشنی میں ملکی معاشی استحکام کی حکمت عملی" طے کیا ہے۔
ملاقات کے دوان نگران وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دنیا کو اسلام کے خوبصورت پیغام سے روشناس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ عالم اسلامی دور حاضر کے مسائل پر عنقریب عالمی کانفرنس کا انعقاد کرے گی، نوجوان نسل کو مسائل کے حل کی طرف متوجہ اور آمادہ کرنا ہو گا، سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا رودہ پاکستان انتہائی کامیاب اور یادگار رہا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے عنقریب اہم ترین شخصیات کی پاکستان آمد متوقع ہے، وزیر مذہبی امور انیق احمد کے تعاون اور محبت پر ان کے شکرگزار ہیں۔