گورنر ایک آئینی عہدہ، کیسے ایک سیاسی پارٹی کا جلسہ گورنر ہاؤس میں ہوا، ضیا اللہ بنگش

Published On 30 August,2023 10:22 pm

پشاور: ( دنیا نیوز) سابق ایم پی اے و سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین ضیا اللہ بنگش نے کہا ہے کہ گورنر کی پوزیشن ایک آئینی عہدہ ہے، کیسے ایک سیاسی پارٹی کا جلسہ گورنر ہاؤس میں منعقد کیا گیا ہے۔

ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں جلسہ سے یہ گورنر ہاؤس نہیں بلکہ جمعیت علمائے اسلام کا مرکزی دفتر لگتا ہے، ملک میں صاف و شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن ان کیخلاف فوری ایکشن لے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی بندے کا گورنر کی پوزیشن پر رہنا اور سیاسی اجتماعات کرنا انتخابی عمل کیلئے مضر ہے، پرویز خان خٹک اور محمود خان نے بہترین طریقہ سے اس صوبہ کو چلایا ہے، پرویز خان خٹک اور محمود خان نے صوبہ میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے 6 مہینے میں جس طرح کرپشن کی اس کی مثال نہیں ملتی، صرف 6 مہینے کی نگران حکومت نے صوبہ کو 6 سال پیچھے پہنچا دیا ہے، عوام آپ کے اصلی چہرے پہچان چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 مہینے میں جمعیت علمائے اسلام اور گورنر نے صرف صوبہ کے وسائل کو لوٹا ہے، پرویز خٹک اور محمود خان منجھے ہوئے قابل سیاستدان ہیں جوعوام کی فلاح کیلئے سوچتے ہیں۔