کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا: حافظ نعیم الرحمان

Published On 04 September,2023 12:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا، احتجاج میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پرسوں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوئی، بجلی کے بلوں میں اضافے پر لوگوں نے اپنا ردِعمل ظاہر کیا، لوگوں نے زبردست تحریک کا آغاز کیا ہے، کچھ لوگوں نے کوشش کی تھی کہ 2 ستمبر کی ہڑتال نہ ہو۔

انہوں نے کہا ہے کہ تمام مارکیٹیں بند رہیں، پُر امن احتجاج ہوا، کے الیکٹرک مافیا سب سے بڑا مافیا ہے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، ہم چاروں گورنر ہاؤس پر دھرنا دیں گے، ہمارے پاس لانگ مارچ، ٹرین مارچ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کا آپشن بھی ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ تمام پارٹیاں اتحاد بناتی ہیں صرف جماعتِ اسلامی ہے جو اکیلی ہے، ن لیگ کے زمانے میں جو کک بیکس حاصل کی گئیں، اس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، آئی پی پیز کے تمام معاہدے سامنے لائے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت زیادہ ہے، 9 ہزار سے زائد میگا واٹ جو ہم استعمال نہیں کر سکتے ان کے پیسے عوام دے رہے ہیں۔