کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا بلوں کی وجہ سے پورے پاکستان میں آگ لگی ہوئی ہے، ملک انارکی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہا ہم پر امن مزاحمت کریں گے، بدامنی کی طرف نہیں جائیں گے، حکمران نوشتہ دیوارپڑھ لیں، بجلی کے بلوں میں فوری کمی کی جائے، مہنگائی نےعوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، مہنگائی کے خلاف (ن) لیگ، پیپلزپارٹی، جے یو آئی کے مولانا نظرنہیں آئے، صرف جماعت اسلامی 25 کروڑعوام کی نمائندگی کررہی ہے، 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا پیپلزپارٹی کی مہربانی انہوں نے کہا وہ احتجاج کرسکتے ہیں، پی ڈی ایم نے مہنگائی میں اضافہ کیا، پہلے پیپلزپارٹی پھر(ن) لیگ نے آئی پی پیزسے معاہدے کئے، یہ چند خاندان 75 سال سے حکمرانی کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا نوازشریف دور میں اپنے لوگوں کو نوازنے کے لئے کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے تھے، پیسے نوازشریف، زرداری، بلاول، مولانا فضل الرحمان نہیں عوام دیتے ہیں، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بتائیں معاہدے کس نے کئے؟ پیپلزپارٹی کے جھوٹے، فراڈیوں نے سستی بجلی کا ایک وعدہ پورا نہیں کیا، سب سے مہنگی بجلی کے الیکٹرک بنارہا ہے، کے الیکٹرک میں خون نچوڑنے والے بیٹھے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا شہبازشریف، اسحاق ڈارجاگیرداروں کے بجائےعام لوگوں پرٹیکس لگاتے ہیں، یہ جاگیرداروں، وڈیروں کی حکومت ہے، جاگیردار ہمارا خون نچوڑ رہے ہیں۔