حکومت نے مہنگائی، ڈاکو راج کنٹرول نہ کیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، سراج الحق

Published On 31 August,2023 11:24 pm

شکار پور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا حکومت نے مہنگائی اور ڈاکو راج کنٹرول نہ کیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے شکار پور میں خطاب کرتے ہوئے کہا پورے پاکستان میں مہنگائی عروج پر ہے، غریب عوام کا جینا حرام ہوگیا، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی اشیاء کے دام بڑھ گئے ہیں، میں جب وزیر خزانہ تھا تب میں نے اپنی اور وزراء کی تنخواہ کم کی تھی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا پورے سندھ میں اس وقت اغواء برائے تاوان، ڈکیتیاں اور لوٹ مار عروج پر ہے، پیپلزپارٹی کی 15 سالہ حکومت میں کوئی بھی اچھی کارکردگی نظر نہیں آتی، پیپلز پارٹی نے مہنگائی اتنی کی کہ غریب عوام ایک وقت کی بھی روٹی مشکل سے کھا سکتی ہے، کھانے کی اشیاء بھی ڈبل مہنگی ہوئی ہیں، اگر موجودہ حکومت نے مہنگائی اور ڈاکو راج پر کنٹرول نہ کیا تو ہم اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
سراج الحق نے کہا نگران حکومت 90 روز میں الیکشن کرا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کرے، آئین کی بالا دستی کے قیام کی جدوجہد میں وکلاء برادری کے تعاون کے طلبگار ہیں، ایک وکیل نے ملک آزاد کرایا، وکلاء ہی اس کی حفاظت کرسکتے ہیں، 2 ستمبر کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لئے وکلاء کا ساتھ چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا الیکٹرسٹی ٹیرف میں اضافہ کے خلاف سپریم کورٹ بھی جارہے ہیں، عوام زیورات، مال مویشی بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں، سندھ کے ڈاکو لوگوں کو اغواء کرکے رہائی کے بدلے کروڑوں روپے تاوان طلب کرتے ہیں، ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ ہے، سکیورٹی ادارے کہاں غائب ہیں؟ حکمران اور ظالم وڈیرے ڈاکوؤں کا ساتھ نہ دیں تو سندھ کے عوام ان کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔