کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بند ہونا انسانی حقوق کے منافی ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری سے سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی، سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ترقیاتی فنڈز روکے جانے کے بعد ہونے والے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو سے نثار کھوڑو کی ملاقات، سندھ کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا پٹرول کی قیمت میں ممکنہ اضافے کے خدشے کے تحت ہم نے پبلک ٹرانسپورٹ کو سبسڈی دی، بدترین مہنگائی میں کرایوں میں اضافہ نہ ہوا مگر نگران حکومت نے سبسڈی روک دی، مہنگائی میں اضافے کو سامنے رکھ کر ہم نے ہسپتالوں کے فنڈز بڑھائے تاکہ مریضوں کی مشکلات نہ بڑھیں، نگران حکومت نے یہ فنڈز بھی روک دیئے، آئین کے مطابق نگران حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھ سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا بدترین مہنگائی میں عام آدمی کے مسائل کا حل نکالنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونا چاہئے، عوام مہنگائی کی چکی میں پِس رہے ہیں، انتظامیہ ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کرے، موجودہ معاشی صورت حال میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بند ہونا انسانی حقوق کے بھی منافی ہوگا۔