گھوٹکی : (دنیانیوز) وزیر خارجہ وپیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ایک بزرگ وزیراعظم تھا جو کہتا تھا کہ میں 50 لاکھ گھر بنا کر دوں گا۔
گھوٹکی میں سیلاب متاثرین کو گھروں کی مالکانہ سند دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اُس وزیراعظم کو 4 سال ملے وہ ایک گھر نہیں بنا سکا۔
ان کاکہنا تھا کہ نوکریوں اور گھروں کا وعدہ کرنے والوں نے عوام کو مایوس کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عوام سے جو وعدہ کیا وہ پورا ہوا ، غریبوں کو اس ملک میں وہ سہولتیں میسر نہیں جس سے وہ آگے بڑھ سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت ایک عوام دوست حکومت ہے ، آج کے بعد گھوٹکی سرداروں کا نہیں عام آدمی کا ہے ، پکےگھروں کی تعمیر کے لیے آسان قرضے دے رہے ہیں، ایسے گھر بنا کر دیں گے جو دوبارہ سیلاب آنے سے نہیں گریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ موقع ملا تو پورے پاکستان میں ہر کچے گھر میں رہنے والے کو پکے گھر اور زمین کا مالک بنانے کا منصوبہ بنائیں گے ، سندھ کے تمام اضلاع میں سیلاب متاثرین کو گھر دینے کا پروگرام جاری ہے، گھروں کی تعمیر کےلیے عورتوں کےنام پر بینک اکاؤنٹ کھولیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 10سالوں میں بھرپور کام ہوا، بلاول بھٹو کی مدد سے وہ کام کئے جو نہیں کرسکتے تھے۔