لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب بھر میں تھانوں کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی۔
محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آئی جی پنجاب نے تھانوں کی اپ گریڈیشن و ڈیزائن، ڈولفن پولیس اور پولیس رسپانس یونٹ کے امور پر بریفنگ دی۔
اپ گریڈ کئے جانے والے تھانوں میں بہترین معیار کے فرنٹ ڈیسک، انویسٹی گیشن روم، ویٹنگ ایریا اور واش رومز ہوں گے، ڈولفن پولیس کی موٹر بائیکس اورپولیس رسپانس یونٹ کی گاڑیاں کو ایک ماہ کے اندار ٹھیک کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری ریلیف کے لئے کرایہ پر بلڈنگ لے کر نئے تھانے قائم کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے تھانے بنانے میں بہت وقت اور پیسہ لگے گا، اس لئے ضرورت کے مطابق کرائے پر بلڈنگ لے کر پولیس سٹیشن بنائے جائیں، تھانوں میں سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں اور فرینڈلی ماحول مہیا کیا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ فرنٹ ڈیسک کی ڈیوٹی پر مامور اہلکار کو یونیفارم میں ہونا چاہیے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی آئی جی آپریشنز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔