کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مسئلہ صرف مئیر کا نہیں اب صوبائی اسمبلی بھی ہم حکومت بنائیں گے۔
بنو قابل کے طلبہ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام عدل کا نظام ہے جو سب کو برابر کا انصاف فراہم کرتا ہے، اسلامی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے پاکستان پر قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں، ہمارے بزرگوں نے قربانیاں اس لیے نہیں دی تھیں کہ وڈیرے اور جاگیردار ملک پر قبضہ کر لیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر قائد ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، پڑوسی ملک 300 بلین ڈالر پہ ہے تو ہم اس کا مقابلہ کریں گے، اللہ پہ بھروسہ کریں گے یہ ملک پھر ترقی کرے گا، نوجوان مایوس نہ ہوں محنت کریں، ساڑھے 3 کروڑ عوام کیلئے ملازمت نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم لسانیت وعصبیت پر یقین نہیں رکھتے، تمام زبانیں بولنے والے ہمارے ہیں، شہر میں رہنے والے ہر ایک کی خدمت کریں گے، قبضہ مئیر سے جان چھڑوانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔