صدر نے آئینی مدت ختم ہونے پر ریاست پر خود کش حملے کا پلان بنایا، اے این پی

Published On 13 September,2023 09:14 pm

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے صدر عارف علوی کے خط پر ردعمل میں کہا صدر نے آئینی مدت ختم ہونے کے بعد ریاست پر خودکش حملے کا پلان بنایا ہے۔

صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے کہا صدر مملکت کا انتخابات کی تاریخ تجویز کرنا مذاق کے علاوہ کچھ نہیں، الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے صدر کس حیثیت میں تاریخ کی تجویز دے رہے ہیں، یہودی لابی کا ایجنٹ ایک بار پھر پاکستان کوغیر مستحکم کرنے کیلئے سرگرم ہوگیا، اس ماحول میں صدرعارف علوی مارکیٹ کو عدم استحکام کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔

ایمل ولی خان نے مزید کہا پی ٹی آئی اوران کے ساتھ جڑے لوگ ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اقتدار کھونے کے بعد ان کے ہوش بھی ٹھکانے نہیں رہے، آئی ایم ایف معاہدہ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاری رہی ہے، دو صوبائی وزرائے خزانہ اور شوکت ترین کے آڈیو ثبوت موجود ہیں۔

صوبائی صدراے این پی نے کہا 9 مئی کے واقعات میں تمام حدیں پار کی گئیں لیکن ابھی انہیں چین نہیں پڑ رہا، عارف علوی 2 سالوں سے سرٹیفائیڈ چور کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، بارہا کہہ چکا ہوں کہ پی ٹی آئی ایک گند ہے اور گند کو ٹھکانے لگانا ہوگا، صرف نیازی نہیں پرویز خٹک، محمود خان، سیف، مراد سعید اور ان کے چہیتوں کوٹھکانے لگایا جائے۔

ایمل ولی خان نے مزید کہا تمام قوتیں مل کر صدرعلوی کا مواخذہ کریں اورغیر آئینی اقدامات کو روکیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے انتخابات کی تاریخ دے۔