دینی لبادہ اوڑھ کر ملک کا حشر کرنیوالوں کو جواب دینا ہوگا، ایمل ولی خان

Published On 10 July,2023 10:04 pm

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کوئی حلوہ نہیں کہ ہرکوئی کھائے، دین کا لباس اوڑھے ملک کا جو حشر کیا ہے، ایک دن اس کا جواب دینا ہو گا۔

مولانا فضل الرحمان کی صحافیوں سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ہم حکومتوں کے بھوکے اور بھکاری نہیں، میں نے کسی بزرگ کی بڑی کرپشن کی بات نہیں کی، پختونخوا میں مذہب کے نام پر جو من و سلویٰ جاری ہے، ابھی اس کا ذکر بھی نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے صرف گورنر کی بات کی، پیغام دیا جا رہا ہے کہ میں سب کچھ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر کر رہا ہوں، ہم نے منہ کھولا تو کچھ نہیں بچے گا، قوم کوپتہ ہے کہ وہ مولانا اور ان کی پارٹی کیلئے شرم کا باعث بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی مذاکرات بارے اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات ہیں: جے یو آئی

صوبائی صدر اے این پی نے کہا کہ اپنے سمدھی اور ان کے فیصلوں کو اپنانے کی ہمت پیدا کریں، میری عظیم غلطی ہے کہ غلام علی کی حمایت کی، میں اپنی غلطی مانتا ہوں، میں صرف حقیقت بیان کر رہا ہوں۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ یہ بچوں کا کھیل نہیں، بچے سیدھے سادھے ہوتے ہیں اور سچ بولتے ہیں، جو الزام لگایا گیا، ہمت کریں ثابت بھی کریں، گورنر پختونخوا جے یو آئی کیلئے باعث شرمندگی بن رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آنیوالے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔