لاہور: (دنیا نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس کے مرکزی مقدمے میں نامزد پہلی سیاسی خاتون رہنما کی ضمانت منظور ہوگئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق رکن قومی اسمبلی روبینہ جمیل کی ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
جج اعجاز بٹر نے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، روبینہ جمیل مرکزی ایف آئی آر میں ضمانت لینے والی پہلی ملزمہ ہیں۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل گراؤنڈ پر روبینہ جمیل کی ضمانت منظورکی جاتی ہے، پولیس ریکارڈ کے مطابق بھی ملزمہ خالی ہاتھ تھی، وہ صرف سیاسی نعرے بازی کر رہی تھی۔
حکم نامے میں کہا کہ ملزمہ روبینہ جمیل کی 1لاکھ مچلکے کےعوض ضمانت منظور کی گئی ہے، ضمانت منظور ہونے باوجود روبینہ جمیل کی رہائی ممکن نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں پولیس مزید دفعات کا اضافہ کر چکی ہے، مرکزی ایف آئی آر میں مزید دفعات میں ملزمہ کونئی ضمانت کرانا ہو گی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ ملزمہ روبینہ جمیل کیخلاف مزید 2 مقدمات بھی درج ہیں اور باقی دونوں مقدمات میں بھی روبینہ جمیل کو ضمانت کرانا ہو گی۔