ایک کے بعد ایک پٹرول بم عوام پر پھینکا جارہا ہے: امیر جماعت اسلامی کراچی

Published On 17 September,2023 05:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمان نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب پر ظلم ہے، ایک کے بعد ایک پٹرول بم عوام پر پھینکا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا یہ لٹیروں، ڈاکوؤں سے ڈائیلاگ اور عوام کو توڑنے کا کام کرتے ہیں، جاگیرداروں، وڈیروں اور بیوروکریٹ نے ہمارا خون چوسا ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نگران وزیراعظم نے کیا، ٹیبل کے دونوں جانب آئی ایم ایف بیٹھی ہوئی ہے، جاگیرداروں کی زمینوں پر ٹیکس نہیں لگایا جاتا، بجلی کی قیمت میں آدھے سے زیادہ ٹیکس لگ رہا ہوتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا مزاحمت جب بغیر کسی قیادت کے ہوتی ہے تو حکمران طبقہ اس کو انارکی پھیلانے کیلئے استعمال کرتا ہے، اب جو مزاحمت ہوگی وہ منظم، پرامن مزاحمت ہوگی، انتظامیہ کوئی غلط کام کرے گی تو ذمہ دار بھی خود ہوگی، کراچی کو آواز اٹھانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا گزشتہ دنوں وزیر خزانہ سندھ کو بتایا گیا کہ شہر میں 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے، ڈالر کی قیمتیں کم کرکے ڈرامہ کیا جارہا ہے، معلوم تھا نگران حکومت بھی پی ڈی ایم کی قبضہ حکومت کی طرح ہے، نگران وزیراعظم اور کابینہ آئی ایم ایف کی غلام بن چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چند ٹرانسفراور پوسٹنگیں ہونے پر 15 سال سے مسلط مافیا کی چیخیں نکل گئیں، نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا آئی ایم ایف کے نام پر عوام کو مشکلات میں ڈالا جارہا ہے، اگر ملک ڈیفالٹ کرے گا تو تمام مافیا کے لوگ ملک سے باہر چلے جائیں گے، معیشت کے نام پر عوام کو ڈیفالٹ کردیا گیا ہے، اس ملک میں خاموش بیٹھے تو مزید معاملہ خراب ہوگا، صرف ایک سیاسی جماعت ہے جو اس ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا عوام سے گزارش کرتا ہوں ہماری قیادت میں گھر سے باہر نکلیں، ہم کسی تاریخ کا انتظار نہیں کر رہے، آج سے اپنی مہم کا آغاز کر رہے ہیں، ہمارے حالات نہیں بدل رہے اس لئے ہمیں خود کوشش کرنی ہے، کراچی والے 19 تاریخ کو گھروں سے باہر نکلیں، روڈ پر آکر گاڑیاں بند کردیں۔

امیر جاعت اسلامی کراچی نے کہا نئے چیف جسٹس آگئے ہیں، یہ ظلم ان کے لئے بھی امتحان ہے، ہم چیف جسٹس صاحب کو خط بھی لکھ رہے ہیں، نارتھ ناظم آباد میں 4 پارکوں کو ہم نے قبضہ سے بچایا ہے۔