بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی 10 سالہ تقریبات، پاکستانی وزیراعظم کو شرکت کی دعوت

Published On 19 September,2023 12:33 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت کیلئے نگران وزیراعظم کو دعوت دے دی، انوارالحق کاکڑ آئندہ ماہ بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کی تیسری کانفرنس میں شرکت کیلئے چین کا دورہ کریں گے۔

بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کی تیسری کانفرنس میں چین کی جانب سے بین الاقوامی سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کانفرنس کا انعقاد اکتوبر کے وسط میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 3 روزہ تقریبات میں شرکت کیلئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی دعوت موصول ہوئی ہے، دورہ کے دوران سی پیک اور دیگر منصوبوں سے متعلق بھی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی چین کی بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات ہوگی جس میں وہ انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب اور ایس آئی ایف سی کے قیام پر آگاہی دیں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء اور وفد بھی تقریبات میں شرکت کرے گا۔

خیال رہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کی پہلی کانفرنس کا انعقاد 2017ء اور پھر 2019ء میں ہوا تھا، کورونا وبا کے بعد تیسری کانفرنس کا انعقاد 4 سال بعد کیا جارہا ہے۔

چین کی جانب سے 10 سالہ تقریبات کو شاندار بنانے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ کانفرنس میں چین کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے اعلانات کا بھی امکان ہے۔