اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف مذہبی بنیادوں پر نفرت پھیلانے کے الزام میں درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کا عمل شروع ہو گیا۔
مذہبی بنیادوں پر نفرت پھیلانے کے الزام میں درج دہشت گردی کے مقدمہ کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔
عدالت نے ن لیگی رہنما جاوید لطیف و دیگر کے خلاف درج پشاور کے مقدمہ سے متعلق رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔
سابق سیکرٹری شہیرہ شاہد، سابق ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان اور پی ٹی وی کے راشد بیگ کے خلاف بھی مقدمہ خارج کرنے کا عمل جاری ہے، لاہور پولیس نے مقدمہ خارج کرنے کے پراسس سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دی۔
پولیس نے بتایا کہ مدعی مقدمہ نے کہا ہے کیس نہیں چلانا چاہتا اس حوالے سے اخراج رپورٹ بنا کر متعلقہ عدالت جمع کروائیں گے۔
خیال رہے کہ 19 ستمبر 2022ء کو پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات کے تناظر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے مدعی مقدمہ رحمان اللہ کے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت نومبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔