کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے ایم کیو ایم کا واویلا بلا جواز ہے، ایم کیو ایم کا وطیرہ ہے کہ تھپڑ بھی مارتی ہے اور روتی بھی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی طرف سے عام انتخابات اور حلقہ بندیوں سے متعلق تجاویز پیش کردیں۔
ملاقات کے بعد منظور وسان کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہو سکتے ہیں، انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اعلیٰ عہدیدار ایم کیو ایم میں سے ہیں، ایم کیو ایم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہر دور میں اقتدار میں رہی، پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے جبکہ پی ٹی آئی مشکل حالات میں کمزور نظر آرہی ہے۔