اوکاڑہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا میں بار بار گزارش کر رہا ہوں ہمیں الیکشن کی تاریخ دی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ن لیگ کو راجہ ریاض اور راجہ ریاض کو ن لیگ مبارک ہو، میں خود یوتھ ہوں اور یوتھ کے مسائل کو سمجھتا ہوں، اب فیصلہ نوجوانوں نے کرنا ہے، میاں نوازشریف کی واپسی کا ہمارا مطالبہ بہت پرانا ہے، جہاں تک پیپلزپارٹی کی بات ہے پیپلزپارٹی نے 2007ء میں بھی الیکشن لڑا، شہید بے نظیر بھٹو کو دفنا کر بھی الیکشن لڑا ہے اس لئے پیپلزپارٹی کو دیوار کے ساتھ نہیں لگایا جا سکتا۔
— Pakistan Peoples Party - PPP (@PPP_Org) September 18, 2023
چیئرمین پی پی نے کہا لیول پلئنگ فیلڈ پر ہمارے سی ای سی میں اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، لیول پلئنگ فیلڈ کے حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری کو اختیار دے دیا ہے، اگر لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملا تو پھر آصف زرداری سے کہیں گے کہ میرے ہاتھ کھول دیں۔
بلاول بھٹو نے کہا الیکشن کمیشن سے کہتے ہیں فی الفورانتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے، کچھ لوگ غلط فہمی میں ہیں اور کہتے ہیں پیپلزپارٹی پنجاب میں اب نہیں، پیپلزپارٹی اپنے منشور کو آگے لے کر چل رہی ہے، ہم قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا پیپلزپارٹی کو سازش کے تحت پنجاب سے نکالا گیا تھا، ہمارے کارکنوں کو زبردستی دوسری جماعتوں میں بھیجا گیا، عوام پریشان ہیں کہ بجلی کے بل کیسےدیں؟ بچوں کو سکول کیسے بھیجیں؟ اشرافیہ کوسبسڈی دینے کے بجائے چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دینی چاہئے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا، پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیرہے، عوام آج مشکل میں ہیں، مہنگائی کے سونامی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے فیصل آباد میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ہم شہادت بلوچ کی تعزیت کے سلسلہ میں یہاں آئے ہیں، شہادت بلوچ پی پی پی کا اثاثہ تھا، انہوں نے پی پی پی کیلئے جدوجہد کی، ہم ایک خاندان ہیں، شہادت بلوچ کے مشن کو ان کے بچے آگے لیکر جائیں گے، ہم ملکر شہادت بلوچ، قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔
— Pakistan Peoples Party - PPP (@PPP_Org) September 18, 2023
بلاول بھٹو نے کہا 18 ماہ کی مصروفیت کے بعد آپ کے سامنے ہوں، الیکشن کمیشن سے الیکشن کی ڈیٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، الیکشن کی ڈیٹ ملے تو پھر ان کو بتائیں گے، جو سمجھتے تھے پی پی پی نے پنجاب کو چھوڑ دیا، غلطی فہمی کا شکار تھے ان کی غلط فہمی کو دور کرنا ہے، سازش کے تحت سب سے بڑے صوبہ میں قائد کو شہید کیا گیا، ہمارے ساتھیوں کو بندوق کے زور پر مختلف پارٹیوں میں بھیجا گیا، ہم گاؤں گاؤں جائیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے منشور کو ساتھ لیکر جائیں گے، غربت بے روزگاری، سکیورٹی، دہشت گردی یا جمہوری بحران کا مسئلہ ہو، ایک ہی جماعت ملک کو ان مسائل سے نکال سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سی ای سی میں اتفاق ہوا فوری انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، بلاول بھٹو
چیئرمین پی پی نے کہا لوگ غربت، مہنگائی، بے روزگاری سے پریشان ہیں، بچوں کو سکول کیسے بھیجیں اور بزرگوں کا علاج کیسے کرائیں، پہلی مرتبہ مہنگائی بے روزگاری کا سامنا نہیں ہے، 2008ء میں بھی مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچی تھی، اسی لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا، تنخواہوں اور پینشنز میں بھی اضافہ کیا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا پاکستانیوں کو لاوارث تو نہیں چھوڑ سکتے، اسی لئے تنخواہوں میں اضافہ کیا، 18 ماہ میں دنیا گھوم کر دیکھا کہ وسائل ہیں مگر محدود ہیں، اشرافیہ کو مراعات دینے، ٹیکسز ایمنسٹی دینے کے بجائے وہی پیسہ چھوٹے کسانوں کو دیں تو بہتری آئے گی، مسائل کا حل اسی میں ہوگا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی پی پی قائداعظم کی سیاسی سوچ اور فلسفے پر عمل پیرا ہے: بلاول بھٹو
سب سے کم عمر نوجوان وزیر خارجہ رہا ہوں، پاکستان میں 30 سال سے کم نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے، دیگر ممالک میں بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے دنیا میں پاکستانیوں کو روزگار دلوایا تھا، نوجوان کو سکلز دیں گے اور باہر ممالک میں روزگار کیلئے مواقع دیں گے، اگر میں ہر ملک سے جھگڑا چھیڑوں تو عام پاکستانیوں کو مسئلہ ہوتا ہے، مجھے یا اشرافیہ کو تو کوئی مسئلہ نہیں ہمیں تو ویزا آسانی سے مل جاتا ہے۔