لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا گزشتہ روز کا فیصلہ متوقع تھا، پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا، اب بھی کریں گے۔
لاہور میں ندیم افضل چن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سی ای سی اجلاس میں سب نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، اجلاس میں معاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سی ای سی میں کے پی، بلوچستان میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت اضافہ کیا گیا، غریبوں کو ریلیف دینا چاہیے، امیروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہیے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری مزید کچھ دن لاہور میں قیام کریں گے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، نیب کو سیاسی انتقام اور پارٹیوں کو توڑنے کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں کوئی بھی سیاسی قیدی موجود نہیں تھا، اگر ہم بھی نئے اتحادی بنائیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، ہم نے کبھی بیساکھیوں کی تلاش نہیں کی، کچھ پارٹیاں ہمیشہ بیساکھیوں کی تلاش میں رہتی ہیں۔