صدر واضح موقف نہیں دیتے، وکٹ کے دونوں اطراف کھیلتے ہیں: پیپلز پارٹی

Published On 14 September,2023 08:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ آج کے اجلاس میں صدر کے خط، الیکشن اور ملکی مسائل زیر غور آئے، صدر عارف علوی ادھر کی بات کرتے ہیں نہ اُدھر کی، وکٹ کے دونوں اطراف کھیلتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ صدر کے پاس الیکشن کی تاریخ کے اعلان کا اختیار نہیں ہے، خط لکھ کر الیکشن کے حوالے سےکنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاستدان ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کو استعمال کرکے پھر آنکھیں دکھاتے ہیں، محمد علی درانی

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس گزشتہ اجلاس کا تسلسل ہے، سی ای سی کل بھی جاری رہے گی، اجلاس میں تمام ارکان کے نکتہ نظر پیش ہونے کے بعد قیادت کوئی فیصلہ کرے گی، ہم الیکشن چاہتے ہیں تاکہ بے یقینی کی صورت حال سے نکل جائیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہم آہنگی کے ساتھ ہونا چاہیے، اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتی کہ حکومت میں شوگر اور سکیورٹی کے معاملات کس کے پاس تھے، ہم کوئی ضد نہیں کر رہے، حلقہ بندیاں بیشک کریں لیکن الیکشن جلد کرائیں، تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے، ٹرانسفر، پوسٹنگ کیسے ہو رہی ہے، ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کیلئے طلوع سحر ہے: مریم نواز

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الزام تراشی کرتی رہے پارٹی کا فیصلہ ہو گا کس سطح پر (ن) لیگ سے ڈیل کرنا ہے، پیپلز پارٹی کسی صوبے میں کمزور نہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی تو پھر منشور پر بات کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ لطیف کھوسہ کو نوٹس دیا گیا ہے، آج کے اجلاس میں لطیف کھوسہ، اعتزاز احسن کو دعوت دی تھی، اسلام آباد میں مصروفیت کی وجہ سے آج دونوں اجلاس میں نہیں آسکے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابی نتائج مرتب کرنیوالے الیکشن مینجمنٹ سسٹم میں خامیاں سامنے آگئیں

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین، ترقیاتی کاموں کے فنڈز روک دیئے گئے ہیں، صرف سندھ میں ترقیاتی کاموں پر پابندی ہے باقی صوبوں میں نہیں ہے، پنجاب، کے پی کے میں ٹرانسفر، پوسٹنگ اور تقرریاں بھی ہو رہی ہیں، سندھ میں ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی ہے، پیپلز پارٹی کے دوستوں کو اس حوالے سے تحفظات ہیں۔